
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور ہر میدان میں تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود، ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے برادر عوام کو قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ سعودی عرب نے قلیل عرصے میں اپنی قیادت کی بصیرت اور عزم کے ساتھ ترقی و استحکام کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا باہمی رشتہ اعتماد، عقیدت اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہے۔ اسلام کے دو مقدس ترین مقامات، خانہ کعبہ اور روضۂ رسول ﷺ، کا اس سرزمین پر ہونا پاکستانی قوم کیلئے سعودی عرب سے روحانی وابستگی کا باعث ہے۔ یہی رشتہ ہماری دوستی کو غیر معمولی دوام عطا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا قومی دن، پاکستانیوں کا اظہار یکجہتی
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ حالیہ دنوں میں ہمارے تعلقات نے نئے سنگِ میل عبور کیے ہیں۔ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں جو نئی شراکت داری قائم ہوئی ہے، وہ نہ صرف ہمارے باہمی اعتماد کی علامت ہے بلکہ خطے کے امن اور استحکام کے لئے بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ اسی طرح سعودی وژن 2030 کے تحت دونوں ممالک نے معیشت اور سرمایہ کاری میں جو تعاون بڑھایا ہے، وہ ہمارے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی عوام اس حقیقت کو بھی کبھی نہیں بھولیں گے کہ مشکل وقت میں سعودی قیادت نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے۔ اسی محبت اور اخوت کی بدولت لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی محنت اور خدمات ہماری دوستی کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ دعا ہے کہ الّلہ تعالیٰ مملکتِ سعودی عرب کو ہمیشہ خوشحالی، امن اور عظمت سے نوازے اور پاک سعودی اخوت کو مزید استحکام عطا کرے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News