
لندن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت تمام اہم معاملات پر ایک پیج پر ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ کسی کیخلاف نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک اور واشنگٹن کا حالیہ دورہ کامیاب اور مفید رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں غزہ کی صورتحال پر اجلاس خوش آئند پیشرفت ہے، جس کی صدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی جبکہ پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ قطر، یو اے ای، سعودی عرب، اردن اور مصر سمیت کئی ممالک نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ پر ہونے والی گفتگو حوصلہ افزا رہی اور انہیں یقین ہے کہ اس اجلاس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ناگزیر ہے اور مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی عوام اور مسئلہ کشمیر پر بھرپور آواز اٹھانے کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے حالیہ سیلاب کا بھی ذکر کیا جس سے سندھ اور پنجاب میں بے پناہ نقصان ہوا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ صدر ٹرمپ نے یقین دلایا کہ باہمی تجارتی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
سعودی عرب کے دورے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ عزت دی گئی اور شاندار استقبال کیا گیا جو 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ دونوں ممالک کی دیرینہ خواہش کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے لیکن افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے برسرِپیکار ہیں۔
انہوں نے کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر تنظیموں کو ملک دشمن عناصر قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آخر میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور شبانہ روز محنت کے ذریعے ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News