
کراچی: حکومتِ سندھ نے پاکستان کی پہلی سرکاری ٹیکسی سروس کے آغاز کی تیاریاں تیز کردی ہیں اور دسمبر 2025 تک ملک کی پہلی ای وی (الیکٹرک) ٹیکسی سروس متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے ٹرانسپورٹ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت پہلی مرتبہ اپنی ٹیکسی سروس شروع کرنے جا رہی ہے جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں خواتین کے لیے مخصوص ای وی ٹیکسیاں متعارف کرائی جائیں گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس سے قبل بھی ملک کی پہلی ماحول دوست ای وی بسیں اور خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کراچکی ہے جب کہ ’’پنک اسکوٹی پروگرام‘‘ کو بھی عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب خواتین کے لیے پنک ای وی ٹیکسی کے ساتھ ساتھ ملک کی پہلی الیکٹرک ٹیکسی بھی شروع کی جا رہی ہے جب کہ کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں اور مزید ای وی بسیں بھی شامل کی جائیں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ای وی گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور انفراسٹرکچر کی تیاری تیزی سے جاری ہے تاکہ سروس کے آغاز پر شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ خواتین کو محفوظ، سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کا عزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں اور سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو ان منصوبوں میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News