
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فورسز نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان پوسٹوں اور اہم مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے سرحدی علاقوں انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ میں پاکستانی حدود پر فائرنگ کی گئی، جس کا مقصد سرحد پار سرگرم دہشت گرد گروہوں کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
پاکستانی فورسز کا 19 افغان چوکیوں پر کنٹرول حاصل
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بروقت اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے افغان حدود میں موجود متعدد فوجی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جبکہ منوجیا کیمپ بٹالین ہیڈ کوارٹر پر کی گئی کارروائی میں مرکز مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس آپریشن میں درجنوں عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان کی 19 اہم چوکیوں پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کئی افغان اہلکار اور عسکریت پسند پوسٹیں خالی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
کنڑ اور کھرچر فورٹ میں کارروائیاں، اہم مراکز تباہ
عینی شاہدین کے مطابق باجوڑ کے مقابل افغان صوبے کنڑ میں ایک افغان پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں آگ بھڑک اُٹھی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کھرچر فورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کا اہم مرکز تھا۔
آرٹلری، ڈرونز اور فضائی وسائل کا استعمال
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران آرٹلری، ٹینک، ڈرونز اور فضائی قوت استعمال کی گئی۔
پاکستانی فورسز نے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ شہری آبادی کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھا گیا۔
پاک فضائیہ کی فضائی نگرانی اور ہدفی کارروائیاں
پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے سرحدی علاقوں میں نگرانی کے فرائض انجام دیے اور مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا، ان کارروائیوں کا مقصد پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں کے نیٹ ورک کو کمزور کرنا ہے۔
کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں، سیکیورٹی ذرائع
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں اور ان کا مقصد پاکستانی سرحد اور عوام کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔
پاک فوج کی ایک اور بڑی کامیابی
پاک افغان بارڈر پر طالبان کی جانب سے بِلا اشتعال جارحیت پر پاک فوج کی جانب سے طالبان فورسز کے خلاف جوابی کارروائی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے جوابی کاروائی میں اسپین بولدک سیکٹر افغانستان میں واقع افغان طالبان کے عصمت اللہ کرار کیمپ کو دوسری اسٹرائیک میں مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، یہ کیمپ افغان طالبان کے سب سے بڑے کیمپس میں سے ایک تھا جہاں سے پاکستان مخالف کارروائیاں عمل میں لائی جاتی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ویڈیو میں افغان طالبان کے عصمت اللہ کرار کیمپ کی دوسری انگیجمنٹ اور اسٹرائیک کے بعد مکمل تباہی دیکھی جا سکتی ہے، افغان طالبان کے عصمت اللہ کرار کیمپ میں تباہی سے افغان طالبان اور کیمپ میں چھپے خارجیوں کے بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان جارحیت پر پاکستان کا ردعمل، عوام کے درمیان جنگ تصور نہ کی جائے
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News