
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین یش کرتے ہوئے کہا کہ آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا، اب ٹھوس فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شہداء ہماری عزت، وقار اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ ملک کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے جوان اور افسر ہمیشہ قوم کے ہیرو رہیں گے۔
سپہ سالار کے ہمراہ شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا کہ انہوں نے راولپنڈی میں سپہ سالار کے ہمراہ شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جہاں شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کے مطابق، شہید افسر نے بہادری اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
شہداء کے اہل خانہ کی قربانی دینے کا جذبہ لائق تحسین
شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا غیر متزلزل عزم اور ملک کے لیے قربانی دینے کا جذبہ لائق تحسین ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ ناگزیر ہے اور ملک میں کسی کو فتنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوارج ہمسایہ ملک سے آکر دہشت گردی کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ دوست نما دشمن انہیں پناہ اور تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا، اب ٹھوس فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے۔
خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی تعلقات پر اظہار خیال
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے خارجہ پالیسی اور بین الاقوامی تعلقات پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دیرینہ مؤقف آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور غزہ میں فوری جنگ بندی ہے جب کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر گفتگو ہوئی اور انہوں نے خود تسلیم کیا کہ مغربی کنارہ اسرائیل کا حصہ نہیں بن سکتا۔
دورہ سعودی عرب
وزیراعظم نے بتایا کہ ان کا سعودی عرب کا حالیہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل رہا جس میں دونوں ممالک کے درمیان 77 سالہ تعلقات کی بنیاد پر نئے معاہدے طے پائے۔
دورہ ملائیشیا
اسی طرح ملائیشیا کے دورے میں وزیراعظم مہاتیر محمد نے پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کا گوشت درآمد کرنے کا اعلان کیا۔
دورہ چین
چین کو پاکستان کا دیرینہ، قابلِ اعتماد اور ہر مشکل وقت کا ساتھی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بیجنگ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے کشمیر میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
معاشی صورتحال پر اظہار خیال
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ عالمی جریدے بلوم برگ نے پاکستان کو ترکیہ کے بعد دوسری ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے اس کامیابی پر کابینہ ارکان اور معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ستمبر میں ترسیلات زر 3.2 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11.3 فیصد زیادہ ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News