
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے دورۂ رومانیہ کے دوران سیکرٹری دفاع رومانیہ، ایڈورڈ باچائڈے اور چیف آف ڈیفنس، جنرل گیورگیتسا ولاد سے مشترکہ ملاقاتیں کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین عسکری تعاون کو مزید مستحکم کرنے پراتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس اہم ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے باہمی ہم آہنگی اور مضبوط سفارتی و دفاعی تعلقات کو سراہا۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن و استحکام کے امور پر باہمی اتفاقِ رائے پر مبنی ہیں۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دونوں ممالک کے مابین عسکری شراکت داری کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور آپریشنل ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ رومانیہ، دفاعی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
دوسری جانب رومانیہ کے سیکرٹری دفاع نے پاک فضائیہ کی شاندار عسکری کارکردگی اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رومانیہ، پاک فضائیہ کے وسیع تجربے سے استفادہ حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
ملاقات کے دوران رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جنگی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے دونوں فضائی افواج کے مابین طویل المدتی تزویراتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کا دورۂ رومانیہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مستحکم بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے، جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل رابطے اور شراکت داری کے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News