
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی گئی ہے۔
صدر آصف زرداری نے ہندوبرادری کے تہوار دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی اندھیرے پر روشنی، بدی پر نیکی کے غلبے کی علامت ہے، یہ تہوار امن، رواداری، ہمدردی، ہم آہنگی جیسی آفاقی اقدار کی یاد دہانی کراتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے، ہمیں ایسا معاشرہ قائم رکھنا ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ عزت واحترام سے رہ سکیں۔
انکا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں، ہندوبرادری پاکستان کے سماجی، ثقافتی، معاشی ڈھانچے کا اہم حصہ ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ تعلیم، تجارت، عوامی خدمت کے شعبوں میں ہندوبرادری کی خدمات قابل تحسین ہیں، دیوالی ہمیں رواداری، اتحاد، پرامن بقائے باہمی کے عزم کو تازہ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
آخر میں صدر مملکت نے پاکستان، بیرون ملک مقیم ہندوبرادری کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کی دعا بھی کی۔
’دیوالی کا تہوار روشنی کی تاریکی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتا ہے‘
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکسان سمیت دنیا بھر کے ہندوبرادری سے تعلق رکھنے والوں کو دیوالی کی خوشیاں مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ دیوالی کا تہوار روشنی کی تاریکی اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتا ہے، دیوالی کے موقع پر آئیں ہم مل کر مستقبل کو مثبت سوچ اور اتحاد کے نظریے سے دیکھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرے میں تنوع پر فخر کرتے ہیں، پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان اتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ دیوالی پر پاکستان میں ہندوبرادری کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کو ملکی ترقی کے لیے کام کرتے دیکھ کر بےحد خوشی ہوتی ہے، قائداعظم نے ایسے پاکستان کا تصوردیا تھا جہاں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہو۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News