کراچی: ترجمان حکومت پاکستان بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے مکمل طور پر ادا کر دیے ہیں تاہم میئر کراچی کی جانب سے ان منصوبوں پر کام رکوانے کے باعث یومیہ دو کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
بول نیوز کے پروگرام ’’بول جمہور‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر راجہ خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ وفاق نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص رقم نہ صرف منظور کی بلکہ مکمل طور پر ادا بھی کردی ہے مگر حیران کن طور پر میئر کراچی نے ان منصوبوں پر جاری کام رکوا دیا ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسی رفتار سے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہیں تو شہر کی ترقی متاثر ہوگی اور فنڈز کا ضیاع روکنا ممکن نہیں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا ’’کراچی کو وفاق کے حوالے کردیں، ایک سال میں انفرااسٹرکچر بہتر کردیں گے‘‘، ترجمان حکومت کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہر میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور ایسی شہر دشمن پالیسیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتیں۔
پروگرام کے دوران راجہ خلیق الزمان انصاری نے کراچی میں حالیہ بھاری ای چالانوں پر بھی شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب شہر کی سڑکوں کی حالت بدتر ہے، انفرا اسٹرکچر تباہ ہے تو شہریوں پر بھاری ای چالان مسلط کرنا زیادتی ہے۔ پہلے سسٹم بہتر کریں پھر سخت قوانین نافذ کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
