کراچی: رکن سندھ اسمبلی جے آئی محمد فاروق نے کہا ہے کہ کراچی میں روڈ نہیں، صرف چالان ہیں، اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کریں گے۔
رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے ’دنیا بول ہے‘ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کراچی سے لینا چاہتی ہے، دینا نہیں چاہتی۔ شہر کی صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ عوام کے پاس چلنے کے لیے مناسب سڑکیں تک موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے بیشتر ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، کراچی یونیورسٹی روڈ کا منصوبہ بھی مکمل ہونا تھا لیکن اب تک واضح نہیں کہ وہ کب مکمل ہوگا۔
محمد فاروق کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، شاہراہ بھٹو کے کئی فیز بھی تاحال شروع نہیں کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والے روزانہ سفر کے دوران اذیت سے گزرتے ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے غیر معمولی ای چالان عوام پر اضافی بوجھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں 200 روپے اور اسلام آباد میں ایک ہزار روپے کا چالان کیا جا رہا ہے لیکن کراچی میں 10 ہزار روپے تک کے چالان عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
محمد فاروق نے واضح کیا کہ جماعتِ اسلامی اس فیصلے کے خلاف عدالت جا رہی ہے، اگر حکومت نے چالان کا فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
