 
                                                                              ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلے گئےمیچ میں سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی دو بلے باز محض 3 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کرونارتنے ایک اور کشال پریرا دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر اوشکا فر نانڈو اور کشال مینڈس نے محتاط انداز اپنایا اور 59 رنز کی شراکت قائم کی۔
فرنینڈو 39 گیندوں پر2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز پر کرس ووکس کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کشال مینڈس نے بھی 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آؤٹ آف فارم اینجلو میتھیوز نے ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دھننجیا ڈی سلوا نے بھی 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے ۔
انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور مارک ووڈ نے تین تین جبکہ عادل رشید نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
233رنز ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جو روٹ اور بین اسٹوکس کی نصف سنچریاں بھی انگلش ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ 1 رن پر گری جب جونی بیئراسٹو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، 26 رنز پر دوسری وکٹ گری جب جیمز ونس 14 رنز پر ملنگا کا دوسرا شکار بنے۔
کپتان اوئن مورگن کو 21 رنز پر یوڈانا نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، جو روٹ نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جوز بٹلر اور معین علی بالترتیب 10 اور 16 رنز بناسکے۔
کرس ووکس 2 رنز اور عادل رشید 1 رن پر وکٹ دے بیٹھے، بین اسٹوکس 82 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن انگلش ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے۔
سری لنکا کی جانب سےلیستھ ملنگا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈی سلوا نے تین اور یوڈانانے ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 