پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا خوش آئند ہے، انعام بٹ

کامن ویلتھ گیمز؛ پہلوان انعام بٹ بیچ ریسلنگ میں آج اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے
ریسلنگ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے انعام بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا بہت خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں گولڈ میڈیل جیتنے والے انعام بٹ کا گجرانوالہ میں اپنے گھرپہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو انعام بٹ کہنا تھا کہ مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے کہ میں نے ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا۔یہی نہیں بلکہ پاکستان نے 124 کے قریب میڈل جیت کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بنگلہ دیش ،نیپال اور دیگر ممالک کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
انعام بٹ نے کہا کہ پاکستان کا دستہ چھوٹا تھا جس کی وجہ سے کافی گیمز میں حصہ نہیں لے سکے، وزیر اعظم ہمارے اسپورٹس مین ہیں ان کو کھیلوں پر توجہ دینی چاہیئے۔
قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سالوں میں ہم نے ریسلنگ میں 70 سے 80 میڈل پاکستان کے لیے جیتے ہیں جبکہ پاکستان کے کسی بھی شہر میں ریسلنگ کا کوئی سینٹرقائم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے بھی صرف دو ہفتے کا کیمپ لگا یا گیا۔ اگر ٹریننگ کیمپ زیادہ وقت کے لیے لگتا تو مزید میڈل جیت سکتے تھے۔
انعام بٹ نے کہا کہ میں پچھلے کئی سالوں سے ریسلنگ اکیڈمی بنانے کا کہہ رہا ہوں لیکن اس حوالے سے کچھ نہیں ہوا۔جب میڈل آتا ہے تو اکیڈمی بنانے کا اعلان ہوتا ہے لیکن وعدہ وفا نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے کئی وعدےکیے،چیک دینے کا اعلان بھی کیا لیکن کچھ نہیں ملا۔ روایتی اعلان سے ہٹ کر کچھ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر انعام بٹ کی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اب جلد ہی بیٹے کی شادی کی تیاری شروع کریں گے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News