
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) سے منسلک تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) وسیم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ نے پی ایس ایل 5 سے منسلک تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک غیرملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے، مذکورہ کھلاڑی کا ٹیسٹ کچھ دیر بعد ان کے ملک میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھلاڑی ایلکس ہیلز ہیں جو لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے تھے۔
وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی لیگ میں شامل تمام افراد کےفوری ٹیسٹ کروانے کے لیے سہولیات فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا یہ صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بدل رہی ہے، اس حوالے سے پی سی بی تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔
پی ایس ایل 5 کے شیڈول میں تبدیلی، پلے آف میچز ختم کردئیے گئے
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نےواضح کیاکہ پی سی بی میچ اور نان میچ ڈیز پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئےتھرمل گن سے کھلاڑیوں، آفیشلزاور میڈیا نمائندگان کا بخار باقاعدگی سے چیک کرتا رہا ہے۔
وسیم خان نے کہا پی سی بی کا ماننا ہے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنے کا یہ بہترین وقت ہے اور اس سے قبل تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے مختلف فیصلے لیے گئے جس میں بند دروازوں میں میچز کروانا ، کھلاڑیوں کو دستبرداری کی آپشن دیئے جانا، ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی اور ٹورنامنٹ کے ایام کم کرنا شامل تھا۔
انہوں نے کہاکہ یقیناََ یہ فیصلہ بھی تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے لیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس وباء سے آگاہی اور نمٹنے میں حکومتی مہم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ کہاکہ پی سی بی پرامید ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں جلد ہر چیز معمول پر آجائے گی اور ہم مداحوں کے لیے کرکٹ واپس لائیں گے۔
پی سی بی نے اپنے تمام ڈومیسٹک مقابلے اور کرکٹ سرگرمیاں بھی معطل کردی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News