
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ اولمپک گیمز اپنے وقت مقررہ پر ہوں گے اور اب دوبارہ موخر نہیں کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سینئر اہلکار نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کو ایک مرتبہ پھر موخرکرنے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے سربراہ جان کوٹس نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ کھیل آج تک کے عظیم ترین کھیل ہوں۔
جان کوٹس نے اس موقع پر 20ویں صدی کی عالمی جنگوں کے بعد ہونے والے کھیلوں کا حوالہ بھی دیا تاہم انہوں نے ٹوکیو گیمز کے سربراہ یوشیرو موری کی طرح کہا کہ کھیلوں کو دوبارہ ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس 23جولائی سے 8اگست 2021کو منعقد کیے جائیں گے۔
اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس کے سربراہ یوشیرو موری کا کہنا تھا کہ اگر ٹوکیو اولمپکس سال 2021 میں منعقد نہ ہوئے تو پھر دوبارہ کبھی منعقد نہیں ہوسکیں گے۔
ٹوکیو اولمپکس کے صدر یوشیرو موری نے آئندہ سال اولمپکس کے انعقاد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے خلاف جنگ جیت کر گیمز کا انعقاد کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ ماضی کے تمام اولمپکس کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔
یوشیرو موری کا کہنا تھا کہ ویکسین نہ آنے کی صورت میں اولمپکس کو ایک بار پھر ملتوی نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کو منسوخ کر دیں گے۔
جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر یوسی کاتے یوکو کورا کا کہنا تھا کہ ویکسین یا کسی موثر دوا کی تیاری کے بغیر اولمپکس 2021 کا انعقاد مشکل ہو گا۔
یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس رواں سال منعقد ہونے تھے جنہیں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News