
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز، پی سی بی نے تربیتی کیمپ کا عبوری انتظام کرلیا
لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پی سی بی نے تربیتی کیمپ کا عبوری انتظام کرلیا ہے۔
گذشتہ روز تک حکومت کی جانب سے مقام کی کوئی کلیئرنس موصول نہ ہونے کے بعد قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جون سے لاہور میں ہی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو رپورٹ کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے، انگلش کاؤنٹی میں مصروف کھلاڑی بھی یکم جون کو ہی کیمپ جوائن کرلیں گے۔
ٹریننگ کے دوران کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بھرپور مشقیں کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے بورڈ کو وینیو راولپنڈی سے ملتان منتقل کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے تاہم پی سی بی کو تحریری اجازت کا انتظار ہے۔ ملتان میں گرم موسم کے پیش نظر میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلی جائے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں کراچی میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
بعد ازاں دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ کپ لیگ میں شامل ون ڈے میچز کو رواں سال جون میں ری شیڈول کرتے ہوئے راولپنڈی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
متعلقہ خبر پڑھیں: پاک ویسٹ انڈیز ہوم سیریز پر منڈلانے والے کالے بادل ہٹ گئے
تاہم لانگ مارچ کی باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر ملتان کو بیک اپ مقام کے طور پر رکھا گیا تھا لیکن عمران خان کے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد آنے کے اعلان کے بعد ملتان میں کیریبیئنز کی میزبانی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
اس حوالے سے اسٹیڈیم کی انتظامیہ کو بھی تیاریوں کا پیغام دے دیا گیا ہے مگر سیکیورٹی سمیت دیگر معاملات میں اداروں کی معاونت کے لیے حکومتی اجازت درکار ہے جبکہ پی سی بی کو اب تک پنجاب حکومت کی جانب سے تحریری یقین دہانی بھی موصول نہیں ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News