چار سال بعد پاکستان نے ایشین جونیئر اسکواش کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
پاکستان کے نور زماں نے ایشین جونیئر اسکواش کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے نوجوان اسکواش پلیئر نور زماں نے تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں منعقدہ چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 19 کیٹیگری کے فائنل میں ملائیشیا کے جواچم چوہا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ خان نے جونیئر انڈر 19 اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
نور زماں نے یہ ٹائٹل بڑی محنت کے بعد اپنے نام کیا ہے جبکہ انہوں نے ایونٹ کے پہلے مقابلے میں 9-11 سے کامیابی اپنے نام کی۔
دوسرے مقابلے میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور 12-10 سے انہیں شکست ہوئی تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور اگلے دونوں مقابلوں میں انہوں نے 5-11 اور 9-11 سے کامیابی سمیٹ کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
علاوہ ازیں چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 13 کا ٹائٹل ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے سم یک وائی نے اپنے کیا جبکہ بوائز انڈر 15 کا ٹائٹل بھی ملائیشیا کے نام رہا جو کہ نک ہلسوار موگن سندرہم نے جیتا۔
بوائز انڈر 17 کا ٹائٹل جاپان کے آکاری مدوکاری نے جیتا جبکہ گرلز انڈر 13 ملائیشیا کی ہیرلن تان کے نام رہا اور گرلز انڈر 15 میں بھارت کی انہاتھ سنگھ نے کامیابی سمیٹی۔
گرلز انڈر 17 اور انڈر 19 کے ٹائٹل ملائیشیا کی کھلاڑیوں کے نام رہے جبکہ انڈر 17 کا ٹائٹل آکاری ریکاوا اور انڈر 19 کا آئرا زمان نے جیتا۔
واضح رہے کہ نور زماں سابق برٹش اسکواش چیمپئن قمر زماں کے پوتے ہیں جنہوں نے چار سال بعد پاکستان کے لیے یہ ٹائٹل جیتا ہے جبکہ چیمپئن شپ میں شریک پاکستان کے دیگر 7 بوائز اور 5 گرلز کھلاڑٰی پہلے ہی مقابلے سے باہر ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
