
کیا جوز بٹلر پاکستان کے خلاف سیریز میں انگلینڈ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے؟
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کپتان جوز بٹلر پرامید ہیں کہ وہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پنڈلی کی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہوجائیں گے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 31 سالہ کپتان جوز بٹلر گذشتہ ہفتے دی ہنڈریڈ میں مانچسٹر اوریجنلز کی نمائندگی کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے باہر کردیا گیا تھا۔
جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ وہ 20 ستمبر سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جوز بٹلر نے اپنے کامیابی کا سہرا مشتاق احمد کے سر باندھ دیا
منگل کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں جوز بٹلر نے بتایا کہ ’کرکٹ سے محروم ہونا کچھ مایوس کن تھا جب کہ میں واقعی کھیل سے لطف اندوز ہورہا ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ میں پچھلے سال بھی دوسری پنڈلی کی انجری کا شکار ہوا تھا جب کہ مجھے اندازہ تھا کہ کیا ہونے جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا میں بدقسمتی سے دی ہنڈریڈ کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکا، ظاہر ہے کہ ورلڈکپ سے قبل موسم سرما آنے والا ہے اور ہم اس سے قبل پاکستان جائیں گے۔
جوز بٹلر کہتے ہیں کہ ’مجھے اس سے نمٹنا پڑے گا جس کی شدت ابتدائی چند ہفتوں میں کم ہوتی ہے، مجھے امید ہے کہ شاید دورہ پاکستان اور خاص طور پر ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوجاؤں گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: جوز بٹلر نے سپر مین بن کر ناقابل یقین کیچ پکڑ لیا
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جب کہ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
دورہ پاکستان میں دونوں ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جس کا آغاز 20 ستمبر سے ہوگا اور 2 اکتوبر تک اس کے میچز کراچی اور لاہور میں منعقد ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News