
پاکستان کو بھی ہاردک پانڈیا جیسے کھلاڑی کی ضرورت ہے، شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں بھی ہاردک پانڈیا جیسے آل راؤنڈر کی ضرورت ہے۔
بھارت کے 28 سالہ کھلاڑی ہاردک پانڈیا کو وائٹ بال کرکٹ میں بہترین آل راؤنڈر قرار دیا جاتا ہے جب کہ ان کی حالیہ پرفارمنس بھی مثالی رہی ہے۔
ہاردک پانڈیا کی میچ کو ختم کرنے کی صلاحیتوں نے شاہد آفریدی کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس آصف علی، خوشدل شاہ، محمد نواز اور شاداب خان جیسے کھلاڑی ضرور ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی اس طرح سے خود کو نہیں منواسکا جو کارنامے ہاردک پانڈیا نے انجام دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاردک پانڈیا جیسا میچ فنشر ہمارے پاس نہیں ہے، ہم نے سوچا تھا کہ آصف علی اور خوشدل شاہ یہ کام کرسکتے ہیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد نواز بھی اتنے مستقل مزاج نہیں ہیں اور نہ ہی شاداب ہیں، ان چار کھلاڑیوں میں سے کم از کم دو کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
سابق کپتان نے کہا کہ شاداب خان کی بولنگ کا وقت بہت اہم ہوتا ہے اور جس دن وہ اچھی گیند کرتے ہیں تو پاکستان میچ جیت جاتا ہے۔
شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف بقیہ میچز میں آل راؤنڈر عامر جمال کو لازمی آزمائیں کیونکہ ہم جس طرح کی پچز پر اب کھیل رہے ہیں، اس میں آپ کو دو حقیقی فاسٹ بولرز اور ایک آل راؤنڈر کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کو میرے مشورے کی ضروت نہیں، شاہد آفریدی
انہوں نے سوال کیا کہ ’ہم نے جس نئے لڑکے عامر جمال کو منتخب کیا، آپ اسے کیوں نہیں آزماتے؟ آپ انہیں آل راؤنڈر کے طور پر کھلائیں اور پھر ان سے بولنگ کروانے کے بعد بیٹنگ کرنے کو بھی کہیں پھر آُپ کو معلوم ہوجائے گا کہ وہ کس قسم کا کرکٹر ہے‘۔
شاہد آفریدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنی غلطیوں کو سدھارنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘اگر پاکستان ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہے تو انہیں اپنی بولنگ اور بیٹنگ پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے جب کہ انہیں ان غلطیوں کو بھی کم کرنے کی ضرورت ہے جو گزشتہ چند میچز میں وہ کرتے آئے ہیں‘۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News