
شاہین آفریدی نے افغان بلے باز کو اسپتال پہنچادیا
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں افغان بلے باز رحمان اللہ گرباز کو یارکر مارکر اسپتال پہنچادیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی انجری کے بعد دوبارہ فارم میں نظر آرہے ہیں، انہوں نے آج افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی شاندار افتتاحی اسپیل کیا۔
شاہین آفریدی نے اپنے پہلے دو اوورز میں افغانستان کے اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور حضرت اللہ ززئی کو تیز گیندوں کے ذریعے بیک فٹ پر کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور افغانستان کے درمیان وارم اپ میچ بارش کےباعث ختم کردیاگیا
شاہین آفریدی نے بولنگ کرواتے ہوئے ایک یارکر کروائی جو رحمان اللہ گرباز کے پاؤں پر جالگی جس کے بعد وہ شدید تکلیف میں دکھائی دیے جب کہ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔
زخمی کھلاڑی کے علاج کے لیے باہر سے فزیو کو بلوایا گیا تاہم گرباز کو چلنے میں مشکل درپیش تھی جس کے باعث انہیں متبادل فیلڈر میدان سے باہر لے کر گئے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گرباز کو بائیں پاؤں کے اسکین کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا ہے جس کے بعد ان کی انجری کے حوالے سے اپڈیٹ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ افغانستان اپنا سپر 12 مرحلے کا پہلا میچ ہفتے کو انگلینڈ کے خلاف پرتھ میں کھیلے گا۔
اگر آج کے میچ کی بات کریں تو افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز اسکور کیے تھے۔
اس میچ میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں جب کہ افغان کپتان محمد نبی نے 51، ابراہیم زدران نے 35 اور عثمان غنی نے 32 رنز اسکور کیے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے 2.2 اوورز میں 19 رنز بنائے جس کے بعد مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کو ختم کردیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News