
رضوان نے ٹی ٹوئنٹی میں بڑے بڑے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے نمبر ون بیٹر محمد رضوان نے سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے 30 سالہ کھلاڑی محمد رضوان ایک مرتبہ پھر چٹان کی طرح کھڑے نظر آئے اور نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ انہوں نے بنگلادیش کے خلاف 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 78 رنز بنائے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ٹی ٹوئنٹی میں بہت سے ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں، ٹی ٹوئنٹی کے کیلنڈر سال 2022 میں ان کے رنز مجموعی طور پر 1500 سے تجاوز کرگئے ہیں۔
محمد رضوان ایک سے زیادہ کیلنڈر سال میں 1500 یا اس سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میں رنز بنانے والے دنیا کے واحد تیسرے بلے باز ہیں جب کہ ان سے قبل یہ اعزاز کرس گیل اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے پاس ہے۔
کرس گیل نے 2012 اور 2016 میں بالترتیب 1532 اور 1665 رنز بنائے تھے جب کہ بابر اعظم نے 2019 میں 1607 اور 2021 میں 1779 رنز اسکور کیے تھے۔
محمد رضوان نے گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی طور پر 2 ہزار 36 رنز اسکور کیے جب کہ رواں سال وہ اب تک 1519 رنز اسکور کرچکے ہیں۔
دوسری جانب انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی 58 اننگز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے میں بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
محمد رضوان نے 58 اننگز میں 2 ہزار 337 رنز اسکور کرلیے ہیں جب کہ بابر اعظم نے 2 ہزار 281 رنز اسکور کیے تھے، بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے 58 اننگز میں 2 ہزار 12 رنز اسکور کیے تھے۔
علاوہ ازیں رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹ کیپر کے طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں انگلینڈ کے جوز بٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں محمد رضوان نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
محمد رضوان نے بطور وکٹ کیپر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے 2 ہزار 337 رنز میں سے 2 ہزار 196 رنز بنائے ہیں جب کہ جوز بٹلر نے 2 ہزار 119 رنز بنائے تھے۔
انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بغیر وکٹ کیپر کے طور پر چار اننگز کھیلی ہیں جس میں انہوں نے 141 رنز اسکور کیے تھے۔
قومی وکٹ کیپر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ انہوں نے نو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے، شاہد آفریدی اور محمد حفیظ 11،11 مرتبہ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News