
پنڈی کی بے جان پچ پر رمیز راجہ کا بیان سن کر شاہد آفریدی حیران
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ جاری ہے جب کہ پنڈی اسٹیڈیم کی پچ کو بے جان قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس پچ سے کافی مایوسی ہوئی، یہ پچ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہے، بدقسمتی سے میں ٹیسٹ میچ کی پچ کا کوئی حل نہیں نکال سکا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان اور کراچی میں بھی اسی طرح کی پچز ملیں گی، جہاں ہمیں اچھا باؤنس نہیں ملتا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ سمجھ نہیں آرہا ہم کیسی پچز بنا رہے ہیں جب کہ میں پاکستان میں ڈراپ ان پچز پر زور دے رہا ہوں۔
رمیز راجہ کے اس بیان پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے رمیز راجہ کو پچز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں یہ سن کر حیران رہ گیا کہ رمیز راجہ کہتے ہیں ہم بولرز کے لیے سازگار پچز نہیں بناسکتے جب کہ اتنے عرصے سے پاکستان میں میچز ہورہے ہیں لیکن ہم ایسی باتیں کررہے ہیں‘۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی پچ ہمیشہ سے فاسٹ بولرز کے لیے سازگار رہی ہے، پی سی بی نے پچ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کیوں کی؟
شاہد آفریدی کہتے ہیں ہمیں یہ ٹیسٹ ہارنے کا ڈر ہے اور ہم جیتنا بھی چاہتے ہیں لیکن یہ ہوگا کس طریقے سے اس کی تکنیک کسی کو بھی نہیں معلوم۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بہت سے ڈومیسٹک میچز کھیلے ہیں لیکن پنڈی کی کبھی بھی ایسی پچ نہیں دیکھی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جاری ہے جس کے تین دن کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔
اگر ہم تینوں دنوں کی بات کریں تو یہ اسٹیڈٰیم کی پچ بلے بازوں کے لیے سازگار رہی ہے جب کہ تینوں دنوں میں مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کی جانب سے 1156 رنز بنائے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News