فرنچائزز اب بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے منافع میں حصے کی منتظر ہیں۔
پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں 5 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی ہے۔ پی سی بی کے پاس فرنچائزز کے ساتھ ’95-5‘ منافع کی تقسیم کا فارمولا ہے جس کا مطلب ہے کہ پی سی بی اور چھ فرنچائزز کو بالترتیب 5 فیصد اور 95 فیصد حصہ ملے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ سے مجموعی آمدنی 5.62 ارب روپے ہوئی ہے اور اعداد و شمار کے مطابق آمدنی میں پی سی بی کا حصہ 5 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد ہے جب کہ فرنچائزز کا کل حصہ 5 ارب 4 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
جب پی ایس ایل کی آمدنی میں سے ہر فرنچائزز میں حصہ تقسیم کیا جائے گا تو ہر ٹیم کو تقریباً 84 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد حصہ آئے گا تاہم یہ رقم اخراجات میں کٹوتیوں سے مشروط ہے جو 40 سے 55 فیصد تک ہوسکتی ہے۔
معاہدے کے مطابق فرنچائزز ٹی وی پروڈکشن رقم کا 95 فیصد ادا کرنے کی ذمہ دار ہیں۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ منافع کا 50 فیصد 5 جولائی تک ادا کر دیا جانا چاہیے تھا لیکن اب تک فرنچائزز کو کوئی اپ ڈیٹ فراہم نہیں کی گئی ہے۔
مئی میں رقم کا 40 فیصد پہلے ہی واجب الادا تھا اور پی سی بی نے حساب کتاب فرنچائزز کو بھیج دیے تھے۔ تاہم مختلف امور پر اختلاف رائے پایا جاتا تھا۔ بقیہ 10فیصد ادائیگی 10 دسمبر تک کی جانی ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کو فرنچائزز کے چیف فنانشل آفیسرز (سی ایف اوز) پر مشتمل اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ ملاقات کے دوران کچھ پیش رفت ہوگی۔ فرنچائزز لیگ کے کرنٹ افیئرز سے مطمئن نہیں ہیں۔
مالکان پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کے ساتھ بات چیت کرنے کے خواہشمند ہیں جب کہ وہ اس وقت آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ میں ہیں اور وہ وطن واپس آنے کے بعد میٹنگ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے فتح حاصل کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو صرف ایک رن سے شکست دے کر دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
