
پاکستان کپ کے چھٹے راؤنڈ میں فاٹا اور راولپنڈی کامیاب
پاکستان کپ کے چھٹے راؤنڈ میں فاٹا اور راولپنڈی نے کامیاب حاصل کی ہے۔
پاکستان کپ کے ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ میں فاٹا اور راولپنڈی ریجن نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں جب کہ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان اور کراچی وائٹس کا میچ گزشتہ رات بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جاسکا۔
اسی طرح ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں پشاور اور لاہور وائٹس کا میچ بھی گیلی کنڈیشنز کی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکا۔ میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں فاٹا نے فیصل آباد ریجن کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فاٹا نے ٹاس جیت کر فیصل آباد ریجن کو بیٹنگ کی دعوت دی جب کہ فیصل آباد نے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز اسکور کیے۔
آصف علی نے 72 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 78 رنز اسکور کیے۔ بلال مہدی نے45 رنز بنائے جب کہ خوشدل شاہ اور شاہد عزیز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں فاٹا نے 44.2 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ سلمان خان جونیئر نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے۔
سرور آفریدی نے 44 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اعزاز خان نے ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 29 رنز بناکر اپنی ٹیم کی جیت ممکن بنادی۔
خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 32 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن نے لاہور بلوز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
راولپنڈی نے ٹاس جیت کر لاہور بلوز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور انہوں نے 45 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز اسکور کیے۔
حسین طلعت نے 67 گیندوں پر آؤٹ ہوئے بُغیر 69 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ عمرصدیق نے چھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ کاشف علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں راولپنڈی ریجن نے 44.1 اوورز میں سات وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ پنڈی کی اننگز کی خاص بات عبدالفصیح کی سنچری تھی، انہوں نے 106 گیندوں پر114 رنز اسکور کیے جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے
عمیر مسعود نے 44 رنز اسکور کیے جس کے بعد رضا المصطفی اور جہانداد خان نے بالترتیب 37 ناٹ آؤٹ اور 24 رنز ناٹ آؤٹ بناکر اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔ عمید آصف نے تین وکٹیں 47 رنز دے کر حاصل کیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News