
کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل جزائر فاکلینڈ کے کرکٹر اینڈریو براؤنلی نے 62 سال کی عمر میں ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ کھیل کر قائم کیا۔
10 مارچ 2025 کو کوسٹا ریکا کے خلاف کھیلتے ہوئے براؤنلی نے نہ صرف اپنی کرکٹ کیریئر کو ایک نیا موڑ دیا، بلکہ 60 سال کی عمر کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے پہلے مرد کرکٹر بن گئے۔
یہ میچ جزائر فاکلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے ایک تاریخی موقع تھا، کیونکہ یہ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والی دنیا کی 106 ویں ٹیم بن گئی۔
اس ٹیم کے تمام 11 کھلاڑی 31 سال سے زائد عمر کے تھے اور ان میں سے بیشتر کی عمر 40 سال سے زیادہ تھی، جب کہ تین کھلاڑیوں کی عمر 56 سال سے زیادہ ہو چکی تھی۔ تاہم ان میں سب سے عمر رسیدہ کرکٹر اینڈریو براؤنلی تھے۔
اینڈریو براؤنلی نے اپنی عمر کے اس حصے میں کرکٹ کے میدان میں قدم رکھ کر دنیا کو حیران کن کارنامہ دکھایا۔ اس سے قبل عمر رسیدہ کرکٹر کا اعزاز ترکیہ کے عثمان گوکر کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 59 سال کی عمر میں رومانیہ کے خلاف انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔
لیکن براؤنلی نے اس سے آگے بڑھتے ہوئے یہ ریکارڈ قائم کیا کہ وہ 60 سال کی عمر کے بعد ٹی20 انٹرنیشنل یا کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شرکت کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی بنے۔
اینڈریو براؤنلی نے 11 اور 12 مارچ 2025 کو کوسٹا ریکا کے خلاف مزید دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے۔ ان میچز میں وہ دسویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے، جہاں انہوں نے 1 رن، 2 ناٹ آؤٹ اور 3 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔ اپنے دوسرے میچ میں براؤنلی نے ایک اوور میڈیم پیس بولنگ بھی کی۔
ان کا آخری میچ 62 سال اور 147 دن کی عمر میں کھیلا گیا، جو کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب تھا۔
اینڈریو براؤنلی کا یہ کارنامہ نہ صرف کرکٹ کے شائقین کے لیے متاثر کن ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی غماز ہے کہ کھیل میں عمر کی کوئی قید نہیں، اور جذبہ اور محنت کے ساتھ کسی بھی عمر میں عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News