لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ مقابلوں کا وینیو فائنل
لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ مقابلوں کے وینیو کا اعلان کردیا گیا۔
منتظمین کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کے تمام مقابلے جنوبی کیلیفورنیا کے شہر پومونا میں واقع ’’فیئرپلیکس‘‘ میں ہوں گے جسے عام طور پر فیئرگراؤنڈز بھی کہا جاتا ہے۔
اس بات کا اعلان منگل کے روز لاس اینجلس اولمپکس 2028 کی آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔
فیئرپلیکس ایک وسیع 500 ایکڑ پر محیط مقام ہے، جہاں 1922 سے ہر سال لاس اینجلس کاؤنٹی فیئر منعقد کی جاتی ہے۔ یہ مقام سال بھر مختلف تقریبات، نمائشوں، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہتا ہے۔
ایل اے 28 کے سی ای او رینالڈ ہوور نے اولمپکس کی تیاریوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دنیا سے شاندار اولمپکس کا وعدہ کیا ہے اور آج ہم اپنے منصوبے کا اعلان کر رہے ہیں جو اس وعدے کو حقیقت بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاس اینجلس کھیل، ثقافت اور تفریح کا مرکز ہے اور ہر وینیو دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ فراہم کرے گا۔
اس اعلان پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کے چیئرمین جے شاہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایل اے 28 میں کرکٹ وینیو کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کرکٹ کی شمولیت نئے شائقین کو متوجہ کرے گی اور کھیل کو عالمی سطح پر مزید فروغ دے گی۔
واضح رہے کہ آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ نے حال ہی میں اس بات کی منظوری دی ہے کہ لاس اینجلس 2028 میں مردوں اور خواتین دونوں کی کرکٹ ٹیمیں شریک ہوں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
