
ورلڈ کپ کوالیفائر؛ ناقابلِ شکست پاکستان ویمنز ٹیم کی بنگلادیش کو بھی شکست
لاہور: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اور پانچویں میچ میں بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے۔
بنگلادیش ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ پاکستان نے یہ ہدف 40 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 93 گیندوں پر 69 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ عالیہ ریاض نے بھی شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 65 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں۔
سدرہ امین نے 37 رنز بنائے جب کہ نتالیہ پرویز نے 13 رنز کے ساتھ عالیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔ شوال ذوالفقار صرف 2 رنز بناسکیں۔
اس سےقبل پاکستان نے بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سعدیہ اقبال نے 10 اوورز میں صرف 28 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کپتان فاطمہ ثنا نے 10 اوورز میں 45 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈیانا بیگ نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور رامین شمیم اور نشرہ سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب بنگلادیش کی جانب سے ریتُو مونی نے سب سے زیادہ 48 رنز بنائے جب کہ فہیمہ خاتون نے 53 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ شرمین اختر نے 24 رنز اسکور کیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News