
حسن علی پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے
کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
قومی فاسٹ بولر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی حسن علی نے پی ایس ایل میں وہاب ریاض کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
یہ سنگِ میل انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے دوران حاصل کیا جب انہوں نے حسن نواز کو آؤٹ کر کے اپنی 114 ویں وکٹ مکمل کی۔
حسن علی نے یہ کارنامہ محض 84 اننگز میں انجام دیا جب کہ وہاب ریاض نے 87 اننگز میں 113 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
چند روز قبل انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور جمعہ کو کوئٹہ کے خلاف 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
2016 میں پی ایس ایل سے ڈیبیو کرنے والے حسن علی نے اپنی تیز رفتار بولنگ، منفرد انداز اور اہم مواقع پر وکٹیں لینے کی صلاحیت سے جلد ہی مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے کے بعد ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا جب پاکستان نے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ حسن علی اب تک پی ایس ایل میں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی نمائندگی کرچکے ہیں اور انہوں نے ہر ٹیم میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News