آئی سی سی سالانہ اجلاس، کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے متوقع
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس رواں سال جولائی کے تیسرے ہفتے میں سنگاپور میں منعقد ہوگا جس میں کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
رواں سال آئی سی سی اجلاس کی صدارت جے شاہ کریں گے، جو بطور چیئرمین پہلی مرتبہ اس عہدے پر اجلاس کی قیادت کریں گے۔
سنگاپور کو اجلاس کے میزبان ملک کے طور پر گذشتہ اجلاسوں کے دوران منتخب کیا گیا تھا۔ اس مقام کو اس لیے بھی اہمیت حاصل ہے کہ یہ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کا حلقہ انتخاب بھی ہے۔
اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کی جانب سے دی گئی سفارشات پر غور کیا جائے گا جس کی قیادت سابق بھارتی کپتان اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی کر رہے ہیں۔
ان میں ایک اہم تجویز یہ ہے کہ ون ڈے میچز میں 25 ویں اوور کے بعد ایک ہی گیند استعمال کی جائے تاکہ ریورس سوئنگ جیسے فن کو دوبارہ بحال کیا جاسکے جو کہ موجودہ دو گیندوں والے فارمیٹ میں تقریباً ختم ہوچکا ہے۔
ایک اور قابلِ ذکر تجویز ٹیسٹ میچز میں ’’ان-گیم کلاک‘‘ متعارف کرانے کی ہے جس کا مقصد ہر روز 90 اوورز مکمل کروانا یقینی بنانا ہے۔ یہ نظام ٹی ٹوئنٹی میچز کی طرز پر ہوگا جہاں اوور میں ہر گیند (60 سیکنڈ) میں مکمل کرنے کی شرط ہوتی ہے۔
اجلاس میں انڈر-19 مردوں کے ورلڈ کپ فارمیٹ میں تبدیلی پر بھی غور ہوگا، جہاں 50 اوورز کے بجائے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ اختیار کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ اسے خواتین کے انڈر-19 ورلڈ کپ کے فارمیٹ کے مطابق اور موجودہ دور کے رجحانات سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
علاوہ ازیں ورلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سے متعلق ابتدائی بات چیت بھی اجلاس میں زیرِ غور آئے گی۔ اس ادارے نے آئی سی سی کے گورننس سسٹم میں اصلاحات اور آمدنی کی تقسیم کے نظام پر نظرثانی کی تجاویز دی ہیں۔
تاہم چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے ان سفارشات پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ آئی سی سی ان تجاویز کو منظور نہ کرے کیونکہ زیادہ تر بڑے کرکٹ بورڈز نے ورلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی رکنیت اختیار نہیں کی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
