
بھارت کے شہر بنگلور میں کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ کے واقعے میں11 افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس نے کم از کم چار افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں تاریخی فتح کا جشن منانے کے لیے ہزاروں افراد اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوگئے۔
گرفتار ہونے والوں میں آر سی بی اور ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے افراد شامل ہیں جنہوں نے جشن کا انتظام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آر سی بی کی آئی پی ایل 2025 کی فتح کے جشن میں بھگدڑ، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی
ریاستی حکومت نے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ اعلیٰ پولیس افسران کو غفلت اور لاپروائی کے الزام میں معطل کردیا ہے جن میں شہر کے پولیس سربراہ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد وہ لوگ ہیں جنہوں نے ریاستی اسمبلی سے لے کر چناسوامی اسٹیڈیم تک فتح کا جلوس نکالنے کی معلومات آر سی بی کی سوشل میڈیا پوسٹس اور ویب سائٹ پر شائع کی تھیں جب کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
ریاست کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے جمعرات کو کہا کہ واقعے کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور فرنچائز، ایونٹ مینجمنٹ کمپنی اور کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس جلوس میں دو لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے جب کہ پولیس نے صرف ایک لاکھ کے قریب لوگوں کی آمد کی توقع کی تھی۔ اسٹیڈیم کی گنجائش صرف 32 ہزار ہے اور شائقین کی تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔
مزید پڑھیں: رائل چیلنجز بینگلورو نے آئی پی ایل کا ٹائیٹل پہلی بار نام کر لیا،کوہلی آبدیدہ
یاد رہے کہ بھارت کے کرکٹ کوچ اور سابق کرکٹر گوتھم گمبھیر نے واقعے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’اگر ہم روڈ شو کی تیاری نہیں رکھتے تھے تو ہمیں ایسا کرنا ہی نہیں چاہیے تھا‘‘۔
گوتھم گمبھیر کا کہنا تھا ’’ہمیں ہر لحاظ سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کیونکہ ہر زندگی قیمتی ہے۔ 11 جانوں کا ضیاع ناقابلِ قبول ہے‘‘۔
دوسری جانب آر سی بی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہر متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے کی امداد فراہم کرے گا جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کرناٹکا ہائی کورٹ نے بھی حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News