انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کی باقاعدہ تاریخوں کا اعلان کردیا۔
لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں شامل کرکٹ مقابلے 12 جولائی سے 29 جولائی 2028 تک جاری رہیں گے جن میں مردوں اور خواتین کی علیحدہ ٹی ٹوئنٹی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
تمام میچز پومونا فیئرپلیکس میں منعقد ہوں گے جو لاس اینجلس کے مرکزی علاقے سے تقریباً 50 کلومیٹر دور واقع ہے۔
اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخ
اس سے قبل کرکٹ کے میچز صرف ایک بار 1900 میں پیرس اولمپکس میں کھیلے گئے تھے جس میں برطانیہ نے فرانس کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ یوں ایل اے 2028 اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخ میں دوسری شرکت ہوگی۔
ہر ایونٹ میں 6 ٹیمیں، 15 رکنی اسکواڈ
مردوں اور خواتین کے ہر ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ہر ٹیم کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح ہر ایونٹ میں 90 کھلاڑی شریک ہوں گے۔
ٹورنامنٹ فارمیٹ اور فائنلز کی تاریخیں
گروپ اسٹیج فارمیٹ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ایک گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم دوسرے گروپ کی دوسری اور تیسری ٹیم سے کھیلے گی اور بالعکس تمام میچز کے نتائج سے ٹیمز کی حتمی درجہ بندی طے کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ مقابلوں کا وینیو فائنل
ایل اے 2028 اولمپکس میں ویمنز کا فائنل 20 جولائی اور مینز کا فائنل 29 جولائی کو کھیلا جائے گا جب کہ زیادہ تر دنوں میں ڈبل ہیڈرز ہوں گے، یعنی ایک دن میں دو میچز جو کہ صبح 9:00 بجے اور شام 6:30 بجے (مقامی وقت کے مطابق) کھیلے جائیں گے۔
مکمل شیڈول اور صنفی ترتیب بعد میں جاری کی جائے گی
فی الحال مکمل شیڈول اور مرد و خواتین ایونٹس کی ترتیب کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کمیٹی کے مطابق ’’2028 کے گیمز کے لیے ایونٹس کی صنفی ترتیب ابھی طے نہیں ہوئی، تفصیلی شیڈول اور میڈل ایونٹس رواں سال کے آخر میں جاری کیے جائیں گے‘‘۔
کوالیفکیشن کا عمل زیر غور، امریکا کی شمولیت کا امکان
ٹورنامنٹ میں ٹیموں کی کوالیفکیشن کا طریقہ کار تاحال طے نہیں کیا گیا تاہم17 جولائی سے سنگاپور میں شروع ہونے والی آئی سی سی سالانہ کانفرنس میں اس معاملے پر غور متوقع ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگز کی بنیاد پر ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ میزبان ملک امریکا کو خودکار طور پر شرکت کی اجازت ملے گی یا نہیں۔ اگر امریکا کو براہِ راست رسائی ملی تو دیگر ممالک کے لیے کوالیفائنگ مواقع محدود ہوسکتے ہیں۔
اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی: عالمی مقبولیت کا نیا موقع
کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کھیل کو عالمی سطح پر مزید وسعت دینے کا باعث بنے گی۔ اس سے نہ صرف دنیا بھر میں نئے شائقین تک رسائی ممکن ہوگی بلکہ کھیل کو عالمی اسٹیج پر مزید پذیرائی بھی حاصل ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
