
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہمارا ہدف واضح ہے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر میچ ہمارے لیے ایک فائنل کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔
اظہر محمود نے کہا کہ پچھلے ٹیسٹ میچ کی وکٹ آئیڈیل تھی اور اللہ نے ہمیں ایک زبردست موقع دیا ہے کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف کامیابیاں حاصل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہو گا۔
ہیڈ کوچ نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ ایک ورلڈ کلاس بولر ہے، اور دو سیمرز کھلانے کے فیصلے پر اعتراضات ضرور ہوئے، لیکن ٹیم کی ضروریات اور کنڈیشنز کو مدِنظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیریز سے قبل ایک خصوصی کیمپ لگایا گیا تھا جس کا مقصد بلے بازوں کو اسپن وکٹوں پر بہتر کھیل کے لیے تیار کرنا تھا، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔
اظہر محمود کے مطابق پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے چھ میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں اور ان کا فوکس یہی ہے کہ اپنی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مکمل حکمتِ عملی تیار کی ہے کہ ہم 20 وکٹیں کیسے لے سکتے ہیں پلان اسی بنیاد پر بنتا ہے۔
اپنے مستقبل سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت صرف اگلے میچ پر فوکس کر رہے ہیں اور ذاتی معاملات کو ایک طرف رکھ کر ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
آخر میں اظہر محمود نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی پرعزم ہیں اور اگر ہر کھلاڑی اپنی ذمہ داری ادا کرے تو ہم ہر میچ جیت سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News