پہلی بار نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے، عالیہ ریاض
قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی بلے باز عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے پر بہت خوشی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح حاصل کرنے پر عالیہ ریاض نے کہا کہ اس کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے کوشش میں تھے کہ کسی بڑی ٹیم کو ہرائیں۔کسی بڑی ٹیم کو ہرانے کا خواب بالآخر پورا ہوگیا ہے، یہ یادگار جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
عالیہ ریاض کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران یہی کوشش تھی کہ جو بھی گیند ملے اسے چوکے اور چھکے میں بدل دوں ۔جو میرا نمبر ہے اس میں کوشش یہی ہوتی ہے کہ تیزی سے رنز بناؤں اور ٹیم کے لیے کچھ کرسکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی کہ سیریز کو 0-3 پر ختم کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا سب سے بڑا مجموعہ 137 رنز اسکور کیا۔منیبہ علی 35، عالیہ ریاض ناقابل شکست 32 اور بسمہ معروف 21 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناسکی۔ہینا رووے 33 اور جارجیا پلمر 28 رنز بناکر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 3، سعدیہ اقبال نے 2 اور کپتان ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
