زمین اور سورج کے درمیان سیارہ عطارد کا منفرد نظارہ آج ہوگا
 
                                                                              سورج سے سب سے کم فاصلے پر موجود سیارہ عطارد (مرکری)آج شام زمین اور سورج کے درمیان سے گزرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیارہ عطارد آج شام ساڑھے 5 بجے زمین اور سورج کے درمیان آئے گا۔زمین اور سورج کے درمیان عطارد کا یہ سفر تقریباً 5 گھنٹے بعد ساڑھے11 بجے اختتام پذیر ہوگا۔
زمین سے فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے عطارد سورج پر ایک نکتے کی طرح نظر آئے گا۔یہ منظر جنوبی اور مغربی ایشیا، افریقہ اور شمالی امریکا کے بڑے علاقے میں دیکھاجاسکے گا جبکہ جنوبی اورمغربی یورپ ،بحرہند میں بھی اس کا نظارہ کیا جاسکے گا۔
اس عمل میں عطارد (مرکری )سورج کی سطح پر ایک سیاہ نقطے کی مانند دکھائی دے گا جو سورج کی جسامت کے صرف نصف فیصد رقبے کے برابر ہوگا۔
اس موقع پر ناسا نے فلکیاتی شائقین سے کہا ہے کہ وہ اس آسمانی مظاہرے کے لیے تیار رہیں کیونکہ یہ ایک بہت نایاب اور دلچسپ واقعہ ہوگا۔
تاہم تمام ماہرینِ فلکیات اور ناسا کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس ضمن میں سورج کو براہِ راست دیکھنے سے آنکھوں اور بصارت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔
اگرچہ دنیا کے کئی ممالک میں یہ منظر دیکھا جائے گا لیکن پاکستان میں صرف زیریں سندھ اور کراچی میں چند منٹوں کے لیے رونما ہوگا۔
اس ضمن میں جامعہ کراچی میں شعبہ فلکیاتی اور فلکی طبیعیات کے تحت اس منظر کو دکھانے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔جامعہ کراچی میں حالیہ نصب کی جانے والی 16 انچ میڈ دوربین کے ذریعے تمام طلبہ و طالبات سمیت عام افراد کو یہ منظر دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سیارہ عطارد کا ایسا نظارہ آج کے بعد 2032 میں دیکھا جاسکے گا ۔اس سے قبل سیارہ عطارد 2016 میں زمین اور سورج کے درمیان آیا تھا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق ایک صدی میں ایسا تقریباً13 مرتبہ ہوتا ہے کہ جب سورج سے سب سے کم فاصلے والا سیارہ عطارد زمین اور سورج کے درمیان میں آجاتا ہے۔
خیال رہے کہ نظامِ شمسی میں دو ہی ایسے سیارے ہیں جو سورج کے سامنے تیرتے ہوئے گزرتے ہیں جن میں زہرہ (وینس) اور عطارد (مرکری) شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 