
سلیمان اپنے والد کے ساتھ ٹائٹن آبدوز میں کیوں گیا تھا؟ والدہ کا اہم بیان آگیا
ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز کے سیاحوں میں شامل شہزادہ داؤد کی اہلیہ کرسٹین داؤد کا بیٹے سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز کے سیاحوں میں شامل شہزادہ داؤد کی اہلیہ کرسٹین داؤد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ بیٹا سلیمان داؤد سمندر کی گہرائیوں میں نیا عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے والد کے ہمراہ گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا سلیمان سانحے کے روز اپنا روبک کیوب اپنے ساتھ لے کر گیا تھا۔
سلیمان داؤد کی اہلیہ کے مطابق سلیمان نے اس حوالے سے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درخواست بھی دے رکھی تھی۔
کرسٹین کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر بھی اپنے بیٹے کے عالمی ریکارڈ بنانے کے لمحات کی ویڈیو کو عکس بند کرنے کیلئے اپنے ساتھ ایک کیمرہ لے کر گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے وہ بھی اپنے شوہر کے ساتھ ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے جانے کی خواہشمند تھیں لیکن کورونا وبا کی وجہ سے ارادہ منسوخ کرنا پڑا جس کے بعد اب وہ سلیمان کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئیں کیونکہ وہ واقعی وہاں جانا چاہتا تھا۔
اس سے قبل شہزادہ داؤد کی بڑی بہن عزم داؤد نے انکشاف کیا تھا کہ ان کا بھتیجا سلیمان ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے سفر سے خوفزدہ تھا، وہ صرف فادرز ڈے پر والد کو خوش کرنے کی خاطر اس پُرخطر سفر میں شریک ہوا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل 18 جون کو بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا ملبہ ملنے کے بعد آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے اس میں سوار دو پاکستانیوں سمیت پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News