 
                                                      ڈیپ ڈپریشن کا سمندری طوفان بننے کا امکان؛ الرٹ جاری
رن آف کچھ اور ملحقہ علاقے پر موجود ڈیپ ڈپریشن کا شمال مشرقی بحیرہ عرب میں آنے کے بعد سمندری طوفان بننے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے طاقتور اسپیل کے تحت شہر کراچی میں آج بھی گرچ چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر میں شمال مشرق سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ڈیپ ڈپریشن سست روی سے جنوب مغرب کی جانب گامزن ہے، اس وقت سسٹم کراچی کے جنوب مشرق میں 200کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے، سسٹم بحیرہ عرب کی جانب شمال مشرقی سمت میں گامزن ہے۔
سازگار ماحول کے سبب سسٹم آج شام تک سمندری طوفان میں تبدیل ہوجائے گا ،جس کی وجہ سے بدین، تھرپارکر، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد میں شدید گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو، شہید بے نظیر آباد سمیت کراچی میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 31 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ حب، لسبیلہ، آواران سمیت دیگر میں یکم ستمبر تک موسلاھار بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں طغیانی رہے گی اور لہریں معمول سے بلند ہوں گی، سمندر میں ہواؤں کی رفتار 50 تا 60 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، تاہم سندھ کے ماہیگیروں کو 31 اگست جبکہ بلوچستان کے ماہیگیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 