کراچی میں گرمی کا راج ہے تاہم محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ پارہ 39 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
سمندر کے قریب علاقوں میں گرمی کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے جبکہ دن میں تیز دھوپ، سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں مغربی سمت سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔
ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی، تیز جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب اورپختونخوا میں آندھی،طوفانی بارش،حادثات میں 13افرادجاں بحق،درجنوں زخمی
پنجاب کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ البتہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور خوشاب میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ بھکر، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور لیہ کے بعض علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی اور خشک موسم کی پیش گوئی ہے جبکہ بلوچستان کے بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
