
لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں صبح سویرے تیز بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں جیسے مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک، بیدیاں روڈ، گلبرگ، کینٹ اور ایئرپورٹ کے گرد و نواح میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے۔ قصور، پاکپتن، کمالیہ، چنیوٹ، جھنگ، ننکانہ صاحب، وہاڑی، عبدالحکیم، چشتیاں، منڈی صادق آباد، منچن آباد، سرگودھا اور کندیاں میں بارش سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی جبکہ بصیر پور میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور حبس میں کمی واقع ہوئی۔
مزید بارشوں کی پیشگوئی اور ممکنہ خطرات
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 سے 17 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
مون سون بارشوں سے نقصانات، این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر میں 111 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 40 کا تعلق پنجاب، 37 کا خیبر پختونخوا، 17 کا سندھ، 16 کا بلوچستان اور 1 کا آزاد کشمیر سے ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اموات کی سب سے بڑی وجہ مکانات گرنے کے واقعات بنے، مختلف حادثات میں 212 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب (111) اور خیبر پختونخوا (55) سے ہے جبکہ مجموعی طور پر 463 مکانات اور 9 پلوں کو نقصان پہنچا۔
خیبرپختونخوا میں تورغر، چترال اور کوہستان کے علاقوں میں سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News