
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر قائد کے علاقے ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ، قیوم آباد، محمودآباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی، یونیورسٹی روڈ، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ اور گلشنِ اقبال سمیت کئی علاقوں میں بونداباندی دیکھی گئی ہے جبکہ ناظم آباد، سائٹ ایریا، میٹروول اور نارتھ کراچی میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
سکھر: شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔
بارش شروع ہوتے ہی مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا اور 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
خیرپور: شہر اور مضافات میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
ٹھٹھہ: مکلی اور گردونواح میں بھی تیز بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ جھنگ، جلالپور پیروالا اور اوچ شریف میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔
الرٹ جاری
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے لیے مون سون الرٹ جاری کیا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے باعث جنوب مغربی راجستھان اور گجرات کے قریب موجود ڈپریشن شدت اختیار کر کے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ سسٹم جنوب مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے صوبے بھر میں مزید بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون ہوائیں سندھ میں شدت اختیار کر رہی ہیں اور بارش برسانے والا یہ سسٹم شہر کراچی میں 10 ستمبر تک بادل برساتا رہے گا۔
کراچی اور سندھ بھر میں 9 اور 10 ستمبر کے دوران موسلادھار سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News