افغان دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت95 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو دارلحکومت کابل میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر بارود سے بھری گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم 95 افراد زخمی ہو گئے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب ایک کار پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر ناکے پر آ کر رکی۔
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک 95زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ زخمیوں میں بڑی تعداد عام شہریوں، خواتین اور بچوں کی ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا انتہائی رش کے اوقات میں ہوا، جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔ دھماکے کے بعد متاثرہ مقام سے دھویں کے مرغولے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی ادروں نے کابل میں گذشتہ کئی دنوں سے رات کے وقت چھاپوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس میں انہوں نے مسلح افراد کے بڑی تعداد میں ٹھکانے تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان اہم معاہدے پر دستخط کا وقت جوں جوں قریب آ رہا ہے ملک میں تشدد کی کارروائیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ امریکا طالبان معاہدے میں امریکی فوجی کے ملک سے انخلا جیسے امور طے پائیں گے جس کے بدلے میں طالبان واشنگٹن کو افغانستان میں تشدد کی لہر ختم کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
