
یمن کے حراستی مرکز پر سعودی اتحاد کی بمباری سے سو سے زائد افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی اتحادیوں نے یمن کے شہر دھامر میں واقع حراستی مرکز کو نشانہ بنایا جس میں سو سے زائد افراد جاں بحق جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوگئے ۔
دوسری جانب سعودی اتحاد نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ دھامر میں ایک ڈرون اور میزائل کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سعودی اتحاد کی جانب سے گزشتہ رات 6 حملے کئے گئے۔
عالمی امدادی ادارے ہلا ل احمر کے مطابق مبینہ حراستی مرکز میں موجود افراد کی تعداد 170 تھی جن میں سے 40 زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اس کارروائی میں مارے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے گزشتہ رات 6 حملے کیےگئے۔
دوسری طرف یمن کی وزارت صحت کے ترجمان یوسف الحاضری نے جیل المقصوف پر ہونے والے حملے کے بعد کی صورتحال کو انتہائی کربناک قراردیتے ہوئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات اور یمنی صدر ہادی کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے جس کے بعد کہا جارہا تھا کہ سعودی عرب کی رہنما ئی میں قائم اتحاد میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
اختلافات کے بعد متحدہ عرب امارات کے حامی گروپ نے حکومت کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اہم سرکاری عمارتوں اور بندرگاہ پر بھی قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سعودی عرب نے دونوں فریقین کو مذاکرات کے لیے جدہ طلب کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News