مغویوں کے بدلےرہائی، طالبان قیدی قطر پہنچ گئے

مغویوں کے بدلے رہائی پانے والے افغان طالبان کے تینوں رہنما قطر میں واقع طالبان کے دفتر پہنچ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی و آسٹریلوی پروفیسرزکی رہائی کے بدلے افغان حکومت کی جانب سے رہا کیے جانے والےتینوں طالبان رہنما قطر میں واقع طالبان کے دفتر پہنچ گئے ہیں ۔
سینئرطالبان عہدیدار نے رہنماؤں کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تین قیدیوں کو پیر کی رات رہا کردیاگیا تھا۔ رہائی کے فوراً بعد انہیں قطر میں طالبان کےسیاسی دفتر کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رہا کیے جانےوالے طالبان رہنماؤں میں انس حقانی، حاجی مالی خان اور حافظ راشد شامل ہیں۔
انس حقانی کا خطے کے خطرناک ترین ’حقانی گروپ‘ کے اعلیٰ ترین رہنماؤں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ حاجی مالی خان اور حافظ راشد کا تعلق طالبان سے ہے۔
ان کی رہائی کے عوض طالبان کی جانب سے دو غیر ملکی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا جن میں سے ایک کا تعلق امریکا اور دوسرے کا آسٹریلیا سے ہے۔
امریکی کا نام کیون کنگ اور آسٹریلوی شہری کا نام ٹموتھی ویکز ہے جو کابل میں امریکی یونیورسٹی کے پروفیسر تھے اور انہیں یونیورسٹی کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے امریکایا افغان حکومت کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 12 تاریخ کو افغان صدر اشرف غنی نے مغربی ممالک کے دو پروفیسرز کے عوض تین طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔
صدر اشرف غنی نے بتایا تھا کہ تینوں طالبان رہنما بگرام جیل میں قید ہیں جن کو 2014 میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ دونوں پروفیسرز سال 2016 میں اغوا کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کے ذریعے افغانستان اور طالبان کے درمیان ملک میں جنگ کے خاتمے کےلیے امن مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News