امریکا کا کرتاپورراہداری کھولنے کا خیرمقدم
امریکا نے پاکستان کی جانب سے کرتاپورراہداری کھولنے کا خیرمقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نےکرتار پور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،یہ ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ کرتارپورراہداری مذہبی آزادی کی جانب ایک قدم ہے،اب سکھ کمیونٹی دربار کرتارپورصاحب کی زیارت کرسکیں گے۔ اس اقدام سے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کی عکاسی کرتے ہوئے کرتارپور راہداری کے فقید المثال منصوبے کا آج ہفتہ کو باضابطہ افتتاح کردیا۔
سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ، سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارت اور دنیا بھر سے لوگ بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیےکرتار پور آئے۔
اس موقع پر سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے فراخدلانہ انداز میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔
کرتارپور راہداری کے افتتاح کے بعد اب روزانہ5 ہزار سکھ یاتری گورودوارہ دربار صاحب کی یاترا اور وہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے راہداری کے افتتاح اور گوروجی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے پاسپورٹ کی شرط عارضی طور پر ختم کر دی ہے جبکہ 2 دن کے لیےسروس چارجز کی بھی چھوٹ دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
