ایران نے بحری جہاز قبضے میں لے کر 16 افراد کو گرفتار کرلیا

ایران کی پاسداران انقلاب نے تیل کی اسمگلنگ کے شبے میں ایک بحری جہاز کو قبضے میں لے کر عملے کے 16 ملائیشین باشندوں کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق آئی ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی ویب سائٹ نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب نے ابو موسیٰ جزیرے سے 15 میل دور نامعلوم بحری جہاز سے 13 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ایندھن برآمد کرکے ضبط کرلیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے خطے کے نیول کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی نے جہاز کے عملے کے 16 ملائیشین باشندوں کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔
نیول کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی نے مزید کہا کہ ایندھن کی اسمگلنگ کرنے والا یہ چھٹا بحری جہاز ہے جسے پاسداران انقلاب نے قبضے میں لیا ہے۔
واضح رہے کہ ابو موسیٰ خلیج جنوبی کے ان تین جزیروں میں سے ایک ہے جو ایران کے کنٹرول میں ہیں لیکن متحدہ عرب امارات اس جزیرے پر اپنے کنٹرول کا کا دعویٰ کرتاہے۔
غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے 22 پاکستانی تارکین وطن گرفتار
ایران کےسرکاری میڈیا کے مطابق اس سے قبل ستمبر میں ایران نے آبنائے ہرمز میں ایندھن کی اسمگلنگ کے شبے میں ایک کشتی پر قبضہ کرکے اس کے عملے کے12 فلپائنی افراد کو گرفتار کیا تھا۔
14جولائی کو پاسداران انقلاب نے ایک ‘غیر ملکی آئل ٹینکر’ کو سمندر کی خلیجی حدود سے تیل کی اسمگلنگ کے الزام میں قبضے میں لیا تھا۔
31جولائی کو ایران نے ایک اور کشتی کو قبضے میں لیا تھا جس میں 7 لوگوں پر مشتمل غیر ملکی عملہ موجود تھا تاہم انہوں نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔
19 جولائی کو پاسداران انقلاب نےبرطانوی آئل ٹینکر کو مبینہ طور پر ایک مچھیروں کی کشتی کو ٹکر مارنے کے الزام میں لیا تھا جسے دو ماہ بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ خلیجی ریاستوں میں رواں سال کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ امریکا نے 2018 میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو ختم کرتے ہوئے اس کے خلاف دباؤ بڑھانے کی مہم کا آغاز کررکھا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News