شمالی کوریا میزائل اور جوہری تجربات نہیں کرے گا، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شمالی کوریا کے دوبارہ میزائل اور جوہری تجربات کرنے کے متعلق بیان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے اپنے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل پرامید ہیں کہ شمالی کوریا سلامتی کونسل کی متعلقہ قرادادوں کے مطابق دوبارہ میزائل اور جوہری تجربات نہیں کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے جزیرہ نما کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق دوبارہ مذاکرات کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم امن کے لیے سفارتی رابطہ ہی واحد حل ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روزشمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے کہا تھا کہ وہ جوہری ہتھیاروں اور طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائلوں کے تجربات کی معطلی کے فیصلے کو ختم کر رہے ہیں۔
کِم جونگ اُن نے کہا تھا کہ ان کا ملک جلد ہی ایک نئے اسٹریٹیجک ہتھیار کو متعارف کروائے گا۔ان تجربات کی معطلی کا فیصلہ شمالی کوریا نے امریکاکے ساتھ مذاکرات کے دوران کیا تھا۔
شمالی کوریا کا ایک اور بلیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
تاہم شمالی کوریا کے سربراہ کہا ہے کہ ہماری جانب سے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں اور جوہری اور میزائل تجربات کا انحصار امریکا کے رویے پر ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجربات کی معطلی کا فیصلہ ختم کرنے کی وجہ یہ ہے کہ امریکاشمالی کوریا پر عائد پابندیوں کو ہٹانے سے انکاری ہے۔
دوسری جانب امریکاکا کہنا ہے کہ جب تک شمالی کوریا اپنا جوہری پروگرام مکمل طور پر ترک نہیں کرتا تب تک یہ پابندیاں عائد رہیں گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس اگست کے آخر میں جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا تھاکہ شمالی کوریا کی جانب سے مزید دو میزائلوں کا تجربہ کیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے دو نامعلوم قسم کے میزائل داغے ہیں۔
جنوبی کوریا کی فوج کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے کہا تھا کہ ابھی اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکا کہ میزائل کس نوعیت کے ہیں تاہم جنوبی کوریا کی فوج اس تمام معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
