افغانستان میں ڈرون حملہ، 40 شہریوں سمیت 75 افراد ہلاک
افغانستان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 40 شہریوں سمیت تقریباً 75 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
افغانستان کے مقامی میڈیا کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر ہرات میں 4 غیر ملکی ڈرونز سے کئی گھروں پہ میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں 75 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 35 طالبان اور 40 شہری تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں ملا رسول کی قیادت میں کام کرنے والا طالبان کمانڈر ملا ننگیالی بھی کئی ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈرونز نے حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں رہائشی آبادی کو نشانہ بنایا تاہم حکومت کی جانب سے تاحال ہلاکتوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈرون حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 10 زخمیوں کو ہرات کے مقامی اسپتال لایا گیا ہے۔
واضح رہے افغانستان میں طالبان کے خلاف افغان اور امریکی اتحادی فورسز مختلف کارروائیاں کرتی رہتی ہیں جبکہ طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو گاہے بہ گاہے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
افغانستان میں دس سالوں میں ایک لاکھ شہری ہلاک و زخمی ہوئے، اقوام متحدہ
اس سے قبل افغانستان میں یکم جنوری کو شمالی صوبہ تخار کے ضلع درقاد میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 7 سیکیورٹی اہلکار جبکہ 11 طالبان عسکریت پسندہلاک ہوگئے تھے۔
صوبہ تخار کے پولیس ترجمان نے تصادم کے نتیجے میں سات سیکیورٹی اہلکاروں اور گیارہ عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی تھی ۔
ایک مقامی عہدیدار کا کہنا تھا کہ طالبان باغیوں کے ایک گروپ نے صبح سویرے ضلع درقد کے قرہ ٹیپا کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز چوکیوں پر حملہ کیا تھا۔
یہ حملہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا تھا جس میں 7 سیکیورٹی اور فوجی اہلکاروں اور 11 طالبان عسکریت پسندوں سمیت کل 18 لوگ مارے گئےتھے۔
دوسری جانب طالبان عسکریت پسند وں نے اپنے ساتھیوں کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئےاس رپورٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
