
بھارت کے دارالحکومت دہلی کی عدالت نے 2012 میں چلتی بس میں یونیورسٹی کی ایک طالبہ سے اجتماعی زیادتی اور بہیمانہ تشدد کرنے والے چار مجرموں کو 20 مارچ کو سزائے موت دینے کا حکم جاری کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی ایک عدالت نے دہلی بس گینگ ریپ کے 4 مجرمان کی سزائے موت کے لیے نئی تاریخ دے دی، مجرمان کو 20 مارچ کی صبح 5 بج کر 30 منٹ پر پھانسی دے دی جائے گی۔
ابتدائی طور پر اس جرم میں چھ افراد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی لیکن ایک ملزم کو کم عمر ہونے کی بنیاد پر مختصر حراست کے بعد رہا کر دیا گیا تھا جبکہ ایک اور ملزم نے مقدمے کی سماعت کا انتظار کرتے خود کشی کر لی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مجرمان میں سے ایک پون گپتا کی رحم کی اپیل بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے مسترد کردی تھی جس کے بعد حکومت نے عدالت سے درخواست کی کہ مجرمان کی پھانسی کی نئی تاریخ جاری کردی جائے۔
زیادتی کا شکار جیوتی کی والدہ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ پھانسی کی یہ تاریخ آخری ثابت ہوگی اور اس تاریخ پر مجرمان کو پھانسی مل جائے گی، جب تک انہیں پھانسی نہیں ہوجاتی تب تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ میری بیٹی نے مرتے ہوئے مجھ سے وعدہ لیا تھا کہ اس کے مجرموں کی سزا کو یقینی بناؤں تاکہ ایسے گھناؤنے واقعات پھر رونما نہ ہوں۔
یاد رہے کہ 23 سالہ طالبہ جیوتی سنگھ دسمبر 2012 میں اپنے ایک دوست کے ساتھ رات کے وقت سنیما سے گھر واپس جارہی تھیں جب خالی بس میں موجود اوباش مردوں نے جیوتی کو اجتماعی زیادتی اور انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا۔
مجرمان نے جیوتی کے دوست پر بھی تشدد کر کے اسے بس سے اتار دیا بعد ازاں زندہ درگور جیوتی کو سڑک پر پھینک دیا۔
جیوتی چند دن اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد سنگاپور میں دم توڑ گئی جہاں اسے علاج کی غرض سے منتقل کیا گیا تھا، جیوتی کے بہیمانہ قتل اور زیادتی نے پورے بھارت میں آگ لگا دی اور ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے۔
جیوتی سنگھ کے خاندان نے عدالت کے فیصلے پرخوشی کا اظہار کیا ہے۔
جیوتی کی والدہ آشا دیوی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس فیصلے نے خواتین میں عدلیہ پر اعتماد بحال کیا ہے۔ میری بیٹی کو آخر کار انصاف مل جائے گا۔‘
جیوتی کے والد بدری ناتھ سنگھ نے اس فیصلے کو پورے ملک کے لیے اچھا قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہماری جدوجہد ان بیٹیوں کے لیے جاری رہے گی جو بھارت میں ایسی ہی صورت حال کا سامنا کر رہی ہیں۔‘
بھارتی میڈیا کے مطابق تہاڑ جیل جہاں ان قیدیوں کو رکھا جا رہا ہے وہاں حال ہی میں پھانسی دینے کی ایک مشق کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News