
افریقی ملک نائجیریا میں مسجد پر حملے میں کم از کم 16 نمازی شہید ہوگئے ہیں جب کہ درجنوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نائجریا کے شمالی علاقے ماشیگو کے ایک گاؤں باآر کی ایک مسجد پر مسلح افراد نے عین اس وقت حملہ کیا لوگوں کی بڑی تعداد نماز کی ادائیگی میں مصروف تھی۔
مقامی بلدیاتی انتظامیہ کے چیئرمین الحسن عیسیٰ مزاکوکا نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ مسلح افراد انتہائی منظم انداز میں موٹر سائیکلوں پر آئے ، انہوں نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کی، جس سے 16 افراد شہید ہوگئے، مسلح جتھا درجنوں نمازیوں کو ناصرف اغوا کرکے لے گیا بلکہ وہاں موجود افراد سے لوٹ مار بھی کی۔
متعلقہ خبر: انتہاپسندوں ہندوؤں کی تاریخی عید گاہ پر قبضے کی دھمکی
مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ واقعے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور کسی کو اغوا نہیں کیا گیا۔
نائجیریا کی حکومت گزشتہ کئی سال سے مذہبی انتہا پسندوں سے نبرد آزما ہے، اس کے علاوہ ملک کے شمال وسطی اور شمال مغربی علاقوں میں مقامی مسلح گروہوں نے بھی تاوان کے لیے مقامی افراد کو قتل اور اغوا کا بازار گرم کررکھا ہے۔
الحسن عیسیٰ مزاکوکا کا کہنا ہے کہ حکومت انتہا پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کام کررہی ہے، اس کے باوجود ہم علاقے میں ڈاکوؤں کو جھیل رہے ہیں، ایسی صورت حال میں ہمیں صرف دعاؤں کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو نائجیریا کی ریاست زمفرا میں مسجد پر حملہ کرکے 5 نمازیوں کو شہید اور 18 کو اغوا کیا گیا تھا، اس سے قبل رواں برس اکتوبر میں بھی کابوجی نامی ایک گاؤں کی مسجد پر اسی طرح حملہ ہوا تھا اور اس میں بھی 16 افراد شہید کردیئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News