چین کے صدر شی جن پنگ نے جرمنی کے چانسلر اولاف شولز سے ٹیلی فونک ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر بات چیت کی۔
شنہوا خبر ایجنسی کے مطابق گفتگو میں فریقین نے باہمی تعلقات کے فروغ میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔
مذاکرات میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ جرمنی کے ساتھ تعلقات یورپی یونین کے ساتھ تعاون کے لیے ہراول دستے کی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ چین اور یورپی یونین کے تعلقات میں استحکام کے لیے جرمنی کا مثبت کردار جاری رہے گا۔

چینی صدر نے کہا کہ حالیہ 5 سال سے چین، جرمنی کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ کورونا وبا کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔ امید ہے کہ جرمنی میں چینی کمپنیوں کے لیے ایک منصفانہ تجارتی ماحول یقینی بنایا جائے گا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ چین نے 2013 میں بیجنگ سے لندن تک بلا تعطل تجارتی راستے ’’روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے‘‘ کا اعلان کیا، اس حوالے سے دو طرفہ تعلقات کا فروغ اس بیلٹ پر واقع ممالک کے لئے بھی مفید ثابت ہوگا۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی مسائل کے حل میں بھی جرمنی سے مذاکرات کی اپیل کی اور کہا کہ سرد جنگ کی پروردہ ذہنیت سے چھٹکارہ ضروری ہے۔
جرمن حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں دو طرفہ شراکت داری، اقتصادی تعلقات میں فروغ اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔
بیان کے مطابق مذاکرات میں چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اسے مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
