سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی درندگی جارہی ہے اور انہوں نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی تازہ ریاستی دہشت گردی کی کاروائی کے دوران پلوامہ میں دو مزید کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے پولیس کے ساتھ مل کر ضلع کے علاقے قصبہ یار میں سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے میں بھارتی فوج کی کاروائی اب تک جاری ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن اور مقابلوں کی آڑ میں ایک ماہ میں 20 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید کیے گئے افراد میں سے 8 افراد وہ ہیں جنہیں جعلی مقابلوں اور دوران حراست شہید کیا گیا ہے جبکہ بھارتی فوج کے ان اقدامات سے 3 خواتین بیوہ ہوگئیں اور 6 بچے یتیم ہوگئے ہیں۔
علاوہ ازیں گزشتہ ماہ پرامن مظاہروں کے دوران بھارتی فوج کے لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ سے 18 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ 66 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں سے اکثریت نوجوانوں اور طلبہ کی ہے جنہیں پبلک سیفٹی ایکٹ اور اس جیسے دیگر کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 1989 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 95 ہزار 917 افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں جن میں سے 7 ہزار 215 کو دوران حراست شہید کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اب تک 22 ہزار سے زائد خواتین بیوہ ہوچکی ہیں جبکہ ہزاروں افراد کئی سال سے بھارت کی تحویل میں ہیں جن کے بارے میں ان کے گھر والوں کو بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News