
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خلیجی ممالک کا دورہ مکمل کرکے کویت سے واپس روانہ ہوگئے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دورے سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح اور کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح کی قیادت میں دونوں برادر ملکوں کے تاریخی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
کویت آمد پر ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں فریقین نے سعودی کویتی رابطہ کونسل کے ذریعے اسٹریٹیجک شراکت کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں خام تیل کی عالمی مارکیٹ کے استحکام کے حوالے سے اوپیک پلس کی کامیاب کوششوں کو سراہا اور اس یقین کا بھی اظہار کیا گیا کہ اوپیک پلس معاہدے کی پابندی تمام رکن ممالک کے لیے ضروری ہے۔
فریقین نے گرین مشرق وسطیٰ اقدام کے نفاذ میں تعاون اور بین الاقوامی ماحولیاتی پالیسیوں سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
فریقین نے خود مختار فلسطینی ریاست اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے حوالے سے فلسطینی کاز کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
یمن بحران کے جامع سیاسی حل کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے یکساں موقف کا اظہار بھی کیا گیا۔
لبنان کے بحران سے نجات کیلیے جامع اصلاحات لانے، اسلحہ ریاستی اداروں تک محدود کرنے اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی تنظیموں سے پاک کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
افغانستان سے متعلق پاکستان میں ہونے والی او آئی سی وزرائے خارجہ کی ہنگامی کانفرنس کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے افغانستان میں انسانی خدمات اور انسانی کوششوں کی حمایت کی اہمت پر زور دیا ہے۔
سعودی عرب اور کویت نے لیبیا میں اتحاد، امن واستحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے اقوام متحدہ اور ملکی فریقوں کی کوششوں کا خیرمقدم بھی کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز سلطنت عمان سے کیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News