سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر جوبائیڈن کے مابین ہونے والے رابطے کے دوران مملکت میں شہری اہداف کے خلاف ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی کارروائیوں سمیت علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماوں نے تعاون مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام کے حصول کی ضرورت پر بھی بات چیت کی ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مملکت اور امریکا کے اسٹراٹیجک تاریخی تعلقات مضبوط ہیں۔
امریکی صدر نے سعودی سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے سلسلے میں مملکت کی مدد سے متعلق عہد کی پابندی کو سراہا۔
انہوں نے مملکت کے ساتھ کھڑے رہنے اور سعودی عرب کے امن اور خطے کے امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کی تقویت کے لیے دفاعی ضروریات مہیا کرنے سے متعلق امریکی موقف کی بھی ستائش کی۔
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ دہشتگردی اوراس کی فنڈنگ کے انسداد کے سلسلے میں مشترکہ سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کے لیے امریکا کی کوششوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں ایران نواز عناصر کی تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔
شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب یمن میں جامع سیاسی حل تک رسائی کا خواہشمند ہے اور یمنی عوام کی ترقی اور امن و سلامتی کے لیے کوشاں ہے، سعودی عرب، یمن کی تعمیر نو اور یمنی عوام کے لیے امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
